'فسادی بلوچستان کے نوجوانوں کو استعمال کر کے خون خرابہ کرنا چاہتے ہیں'

12:58 PM, 25 Mar, 2017

لورالائی: وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے ایف سی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شریک اہلکاروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا یہ عام وردی نہیں اس یونیفارم کی آن بان میں شہیدوں کا خون شامل ہے۔ ایف سی اہلکار شر اور فساد کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے سر بکف ہیں۔ ایف سی کے نوجوان وطن کیلئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کچھ لوگ ہیں جو بلوچستان اور پاکستان میں امن نہیں چاہتے کہ ہمارے بچے خوش و خرم زندگی گزاریں۔ فسادی بلوچستان کے نوجوانوں کو استعمال کر کے خون خرابہ کرنا چاہتے ہیں۔ نوجوانو آپ اللہ کا نام لے کر ان فسادیوں کو ختم کریں۔ کچھ لوگ ہمارے ازلی دشمن سے پیسہ لیکر عیش کرتے ہیں اور نوجوانوں کو ورغلاتے ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں، کوششوں سے بلوچستان میں امن آیا۔

دہشتگردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ ہمارا دشمن کتنا موذی، ازلی، بے ایمان کیوں نہ ہو فورسز نے ان کو نیست و نابود کر دیا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا خوشی ہے کہ ایف سی اپنی ذمے داری سے بڑھ کر کردار ادا کر رہی ہے۔ وزیراعظم سے ایف سی کی مزید مدد کی درخواست کروں گا۔ امن، تعلیم اور دیگر شعبوں میں ایف سی کا کردار حقوق العباد کی ادائیگی ہے۔ ایف سی بلوچستان کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا بلوچستان کے عوام نے بڑے مسائل دیکھے ہیں اور بہت قربانیاں بھی دی ہیں۔ اب صرف بچے کچے دہشتگردوں کو انجام تک پہنچانا ہے۔ ایف سی اس اچھے کام کو جاری رکھے فتح قریب ہے۔ وہ دن دور نہیں جب دہشتگردی مکمل ختم ہو جائے گی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں