اسلام آباد: تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نو جون کو بجٹ پیش کیا گیا وہ اور تھا اب جو بجٹ منظور ہوگا اس میں 215 ارب روپے کے اضافی ٹیکس لگائے گئے ناقص معاشی پالیسیوں کے باعث اسحاق ڈار سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہیں۔
اپنی رہائش گاہ پر نیوز کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں اب عہدے اور ٹکٹوں کی سیاست سے بالا ہوچکا ہوں ۔ نو مئی کے واقعات کے پیش نظر کئی ایسے کارکنان بھی قید ہیں جو کہ ان واقعات میں ملوث ہی نہیں تھے ۔
انہوں نے کہا کہ ہماری لیگل ٹیم کارکنان کو مفت قانونی معاونت فراہم کررہی ہے قانون کے تحت اگست میں اسمبلی کی مدت پوری ہونی ہے اب دیکھنا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی قانون کی پاسداری کرتی ہے یہ نہیں ۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ مودی اور امریکی صدر کی ملاقات پر تشویش ہے نہ انہوں نے دہشت گردی ختم کرنے کی بات کی نہ کشمیریوں کی حوالے سے کوئی ذکر کیا ہے لیکن وزیراعظم کوئی جواب دینے کی بجائے فرانس میں آموں کی سیلز مین شب میں مصروف ہیں۔