کراچی: وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) ملازمین نے سات روز سے جاری قلم چھوڑ ہڑتال موخر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر ایکشن کمیٹی کے نمائندوں ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو علی صالح حیات راولپنڈی، نعیم شاہ اسلام آباد، آئی آر او ناصر عباسی ملتان، طاہر خاکوانی پشاور، علی جان آرٹی او بہاولپور اور آئی آر او سید تنصیر ترمذی نے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے ساتھ مذاکرات کے بعد ہڑتال ختم کر دی ۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ حکومت ایف بی آر ملازمین کے ساتھ زیادتیوں کا ازالہ کرنے کیلئے ملازمین کی تنخواہیں دیگر وفاقی اداروں کے مساوی کرنے سے متعلق سفارشات پر کام کر رہی ہے اور جلد ہی اس حوالے سے خوشخبری سنائیں گے۔
وزیر خزانہ کے ساتھ مذاکرات کرنے والے وفد میں شامل ایکشن کمیٹی کے ایک نمائندے نے بتایا کہ وزیر خزانہ نے ایف بی آر ملازمین کے مطالبات پورا کرنے پر بھرپور آمادگی کا اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ کے ساتھ مذکرات کامیاب کرانے میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ، گورنر پنجاب بلیغ الرحمن اور سیاسی و سماجی شخصیت رانا طارق نے کلیدی کردار ادا کیا۔
ایف بی آر ملازمین نے مطالبات پورے ہونے کی یقین دہانی پر ہڑتال موخر کر دی
03:54 PM, 25 Jun, 2022