کراچی: وزیر اعظم کی نیول اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت

10:16 AM, 25 Jun, 2022

نیوویب ڈیسک

کراچی: وزیر اعظم شہباز شریف نے دورہ کراچی کے دوران  نیول اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کی، گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا  اور  بہترین  کارکردگی کامظاہرہ کرنےوالے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کئے۔

کراچی میں پاکستان نیول اکیڈمی میں 117 ویں مڈشپ مین اور 25 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ  کی تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے ، تقریب  سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے  کہا کہ پاکستانی مسلح افواج کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔   امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھاجائے، پاکستانی سالمیت کے خلاف کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

 خطاب سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا جبکہ دورانِ تربیت نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے  جبکہ  کمیشن حاصل کرنے والے کیڈٹس اور مڈشپ مین کے والدین کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کمشنگ پریڈ میں خواتین کیڈٹس کی شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یقین ہے کہ خواتین کیڈٹس کی کمشنگ ملک کی دیگر خواتین کیلئے مشعل راہ ہوگی۔

  کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور سہیل احمد عظمی  نے بھی تقریب سے خطاب کیا ۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف آج کراچی کے مختصر دورے پر کراچی پہنچے ہیں  جہاں  پاکستان نیول اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ میں   شرکت کے علاوہ وزیرِ اعظم سے کراچی میں ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ن کے وفد کی بھی ملاقات ہوگی جبکہ آج شہید بے نظیر آباد، نواب شاہ بھی جائیں گے،اس کے علاوہ وزیر اعظم شہباز شریف، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت کریں گے۔

قبل ازیں کراچی آمد پر وزیرِاعلی سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔

مزیدخبریں