اسلام آباد:فائزر کےساتھ پاکستان کو موڈرنا کی میسنجر آر این اے ویکسین ملنے کا امکان پیدا ہو گیا۔
وفاقی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کو موڈرنا کی mRNA 1273 ویکسین کوویکس کے ذریعے مل سکتی ہے اور کوویکس کے ذریعے موڈرنا ویکسین کی مقدار پر بات چیت جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ وفاقی وزارت صحت نے موڈرنا ویکسین کو پاکستان میں استعمال کے حوالے سے ڈریپ سے رائے طلب کرلی ہے۔
امریکا اور یورپی یونین میں منظور شدہ ویکسینز حکومتی سطح پر منگوائی جا سکتی ہیں، امریکا، یورپی یونین اور ڈبلیو ایچ او سے منظور شدہ ویکسینز منگوانے کے لیے حکومت کو ہنگامی استعمال کے اجازت نامے کی ضرورت نہیں۔
موڈرنا کی این آر این اے ویکسین دو ڈوزز پر مشتمل ہے، موڈرنا ویکسین زیابطیس، بلڈ پریشر، دمے، پھیپھڑوں، جگر اور اور گردوں کے مریضوں کو لگائی جاسکتی ہے۔
موڈرنا ویکسین کورونا وائرس کے خلاف 92 فیصد تک موثر ہے اور یہ ویکسین وائرس کے مختلف ویرئینٹس کے خلاف بھی موثر ہے۔