بیجنگ:چین کے مارشل آرٹس اسکول میں آگ لگنے سے 18 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کےمطابق جمعہ کے روز سینٹرل چین کے ایک مارشل آرٹس اسکول میں آگ بھڑک اٹھی جس نے اسکول کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جب کہ حادثے میں اب تک 18 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے اور 16 سے زائد زخمی ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ حادثے میں مرنے والوں میں زیادہ تر تربیت حاصل کرنے والے طلبہ ہیں جن کی عمریں 7 سے 16 سال کے درمیان ہیں۔
ریسکیو اداروں نے آگ پر قابو پالیا ہے اور آگ لگنے کی وجوہات بھی معلوم کی جارہی ہیں تاہم فوری طور پر آتشزدگی کی وجہ سامنے نہیں آئی ہے۔
ریسکیو حکام کا کہناہےکہ حادثے کے وقت اسکول میں 34 بورڈنگ طلبہ موجود تھے جن میں سے کئی طلبہ کو باہر نکالا گیا اور زخمی ہونے والوں میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے جو اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ پولیس نے اسکول کے مینیجر کو گرفتار کرلیا ہے۔