ممبئی: معروف اداکار امیتابھ بچن نے ہسپتال کو کروڑوں روپے کے طبی آلات عطیہ کر دئیے ہیں۔
بالی ووڈ کے میگا سٹار امیتابھ بچن اداکاری کے علاوہ سماجی خدمت کیلئے بھی مشہور ہیں جنہوں نے ممبئی کے ایک نجی ہسپتال کو جدید طبی آلات عطیہ کئے ہیں جن کی لاگت 2 کروڑ روپے کے لک بھگ ہے۔
امیتابھ بچن نے ہسپتال کو جدید ترین نگہداشت وینٹی لیٹرز عطیہ کئے جو مریض کو 100 فیصد آکسیجن فراہم کرتے ہیں، وینٹی لیٹرز کے ساتھ ایل ای ڈی مانیٹرز، سی آر ایم امیج انٹینسی فائرز اور انفیوژن پمپس سمیت دیگر آلات بھی شامل ہیں۔
ہسپتال حکام کا کہنا ہے کہ جدید وینٹی لیٹرز نے کام شروع کردیا ہے اور اب تک 30 سے زائد مریض اس سہولت سے مستفید ہو چکے ہیں، جدید وینٹی لیٹرز مریض کو بلاواسطہ پھیپھڑوں تک آکسیجن فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر نے جہاں بھارتی شہریوں کو شدید متاثر کیا وہیں ہسپتالوں میں بستر، آکسیجن اور وینٹی لیٹرز جیسے طبی آلات کی بھی قلت ہو گئی اور اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے بالی ووڈ کے اداکار نے متاثرین کی مدد کی۔