انسولین کی ایجاد کے 100 سال مکمل، پاکستان نے یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کردیا  

100 years since the invention of insulin, Pakistan has issued a commemorative stamp
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: دنیا کی اہم ترین دوا انسولین کی ایجاد کو 100 سال پورے ہونے پر پاکستان نے اس دریافت کے سائنسدانوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کر دیا ہے۔

یہ یادگاری ڈاک ٹکٹ وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔

وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ یادگاری ڈاک ٹکٹ پاکستان پوسٹ، مواصلات اور وزارت صحتکی جانب سے مشترکہ طور پر جاری کیا گیا ہے۔ اس یادگاری ڈاک ٹکٹ پر چارلس اور بینٹنگ کی تصاویر لگائی گئی ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ یادگاری ڈاک ٹکٹ عوامی شعور کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے کیونکہ پاکستان میں ذیابیطس کی بیماری  بارے پوری طرح آگاہی نہیں ہے۔

واضح رہے کہ انسولین کی دریافت کا شمار دنیائے طب کی اہم ترین پیشرفت میں ہوتا ہے۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے جاری ڈیٹا کے مطابق ق 2019ء میں چار سو تریسٹھ ملین افراد ذیابیطس میں مبتلا تھے جبکہ 2030ء تک یہ تعداد پانچ سو اٹہتر ملین تک پہنچ جائے گی۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق پاکستان دنیا کا چوتھا بڑا ملک ہے جہاں ذیابیطس کی بیماری میں مبتلا افراد کا تناسب سب سے زیادہ ہے۔

پاکستان میں ہر چار میں سے ایک شخص ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بہت سے افراد ذیابیطس کی تشخیص کے وقت پہلے ہی مرض کی پیچیدگیوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ذیابیطس کا مرض تشویشناک حد تک بڑھ رہا ہے۔