لندن: مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت نہ انتخابات کے بارے میں سوچ رہی ہیں اور نہ ہی سیاست کے بارے میں۔جیسے ہی والدہ خطرے سے باہر آتی ہیں وہ اور نواز شریف فوراً پاکستان واپس آجائیں گے۔
لند ن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ زندگی میں کچھ وقت ایسا آتا ہے کہ سب کچھ چھوڑنا پڑتاہے۔کچھ رشتے ہرچیز پر مقدم ہوتے ہیں، اس وقت نہ انتخابات کے بارے میں سوچ رہی ہوں نہ سیاست کے بارے میں۔اس وقت میرے سامنے میری والدہ ہیں۔ پاکستان واپسی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جیسے ہی والدہ خطرے سے باہر آتی ہیں وہ اور نواز شریف فوراً پاکستان واپس آجائیں گے۔
خیال رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف اور مریم نواز کی حاضری سے مزید تین دن کے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی گئی۔ سماعت کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی حاضری سے مزید 7 دن کے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی اور درخواست کے ساتھ بیگم کلثوم نواز کی میڈیکل رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی گئی۔جس پر جج محمد بشیر نے نواز شریف اور مریم نواز کو حاضری سے 3 دن کا استثنیٰ دے دیا۔