آخری ون ڈے :انگلینڈ نے آسڑیلیا کو ایک وکٹ سے شکست دے کر وائٹ واش کر دیا

03:04 PM, 25 Jun, 2018

مانچسٹر: جوزبٹلر نے کینگروز کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی جب کہ پانچویں میچ میں ایک وکٹ کی فتح سے انگلینڈ نے آسٹریلیا کو وائٹ واش کردیا۔

انگلینڈ نے جوز بٹلر کے شاندار 110رنز کی بدولت آسٹریلیا کو ایک روزہ سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے کر کلین سوئپ کردیا۔مانچسٹر میں کھیلے گئے پانچویں ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ایک اچھے آغاز کے باوجود درست ثابت نہ ہوا۔آسٹریلیا کے دونوں اوپنر ایرون فنچ اور ٹریویس ہیڈ نے ابتدائی 6 اوورز میں جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور پہلی وکٹ 60رنز پر گری جب فنچ 22 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

معین علی نے بہترین باولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے فنچ کو آوٹ کرنے کے بعد اسٹونین کو صفر اور شان مارش کو 8 رنز پر آوٹ کردیا جس کے بعد لیام پلنکیٹ نے 56رنز کی انفرادی اننگز کھیلنے والے ٹریویس ہیڈ کو بھی پویلین بھیج دیا۔آسٹریلوی کپتان ٹم پین نے ایک رن کا اضافہ کیا جس کے بعد بٹلر نے انھیں رن آوٹ کردیا تو 5وکٹیں صرف 100رنز پر گر چکی تھیں تاہم شورٹ نے 47اور الیکس کیری نے 44 رنز کی اننگز کھیل کو آسٹریلیا کے اسکور کی حد 200سے عبور کر دی۔

آسٹریلیا کی پوری ٹیم 35 ویں اوور میں 205رنز بنا کر آوٹ ہوئی۔انگلینڈ کی جانب سے معین علی نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں۔میزبان کی ٹیم کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ایک آسان ہدف کا تعاقب مایوس کن تھا، جیسن روئے ایک رن اور جونی بیئراسٹو 12 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جس کے بعد 50 کے اسکور پر انگلینڈ کے 5بلے باز پویلین لوٹ گئے۔معین علی نے 16، کیوران نے 15اور عادل رشید نے 20رنز بنا کر جوز بٹلر کا ساتھ دیا تاہم عادل رشید اس وقت آوٹ ہوئے جب ٹیم کو جیت کے لیے صرف 10رنز درکار تھے لیکن آخری آنے والے بلے باز جے ٹی بال نے ایک رن بنایا اور آوٹ نہیں ہوئے۔

انگلینڈ نے مقررہ ہدف 49 ویں اوور کی تیسری گیند پر 9وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے سیریز میں پانچ صفر سے کامیابی حاصل کرلی۔ جوز بٹلر نے ناقابل شکست 110رنز بنائے۔آسٹریلیا کے اسٹین لیک اور رچرڈسن نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔جوز بٹلر کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔یاد رہے کہ انگلینڈ اس سیریز میں ایک روزہ میچ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا تھا۔

مزیدخبریں