کراچی: پولیس کے ہاتھوں جعلی مقابلے میں ہلاک کیے جانے والے نقیب اللہ کے اہل خانہ نے کیس میں ملوث ملزم شعیب شوٹر سمیت دیگر کی گرفتاری کیلئے سندھ ہائیکورٹ کے باہر مظاہرہ کیا۔
سندھ ہائیکورٹ میں نقیب قتل کیس کے ملزم راؤ انوار کو سب جیل میں رکھنے کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل فیصل صدیقی ایڈووکیٹ نے اپنے دلائل میں کہا کہ راؤ انوار اپنے گھر میں موجود ہے پھر بھی انہیں مزید سہولیات چاہئیں اور ملزم کے گھر کو سب جیل قرار دیا گیا جو غیر قانونی ہے۔
درخواست گزار کے وکیل کے مطابق ملزم راؤ انوار کیس کے گواہوں کو ہراساں کر رہا ہے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد مزید کارروائی کے لیے درخواست کی سماعت 29 جون تک ملتوی کر دی۔
مزید پڑھیں: تحریک انصاف نے سکندر بوسن سے ٹکٹ واپس لے لیا
سماعت سے قبل نقیب کے اہلخانہ اور جرگہ عمائدین نے سندھ ہائیکورٹ کے باہر مظاہرہ کیا اور راؤ انوار کے خلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے قتل میں ملوث ملزم شعیب شوٹر و دیگر کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔
سندھ ہائی کورٹ میں نقیب الله محسود کے لواحقین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت راؤانوار کی مدد کر رہی ہے۔ کیا وجہ ہے کہ ملزم کی طرف داری کی جا رہی ہے اور ہمیں مجبور نہ کریں کہ ہم انصاف کی آخری حد تک جائیں گے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں