ریاض: سعودی عرب کی سپریم علما ء کونسل نے دہشت گردوں کی جانب سے مسجد حرام میں ماہ صیام کی مقدس ساعات میں خون خرابے کی منصوبہ بندی کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔علما کا کہنا ہے کہ خوارجی گروہ نے حرمات کی تمام حدیں پھلانگ دی ہیں۔ یہ نہ حرم کا خیال رکھتے ہیں اور نہ کسی جگہ حرمت اور تقدس کو دیکھتے ہیں۔ ان لوگوں کا کوئی دین ایمان نہیں۔ ان کے مکہ معظمہ میں دہشت گردی کے ناپاک عزائم کا قطعا کوئی جواز نہیں۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق علما کونسل کی جانب یہ بیان مکہ معظمہ میں دہشت گردی کی خطرناک سازش کے ناکام بنائے جانے کے بعد اس کے رد عمل میں سامنے آیا ہے۔مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ٹویٹر پر پوسٹ ایک بیان میں علما نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بناتے ہوئے ان کی سازشوں کی تکمیل سے قبل گرفتار کرنے پر مبارک باد پیش کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمارے زندہ و بیدار مجاھد و سپاہی پورے عزم اور جذبے کے ساتھ اللہ کی مدد سے دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑ رہے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ خوارجی دہشت گردوں نے حرمات کی تمام حدیں بھی پھلانگ دی ہیں۔ یہ لوگ نہ تو حرم کا خیال کرتے ہیں اور نہ ہی حرمات کا۔ ان کا کوئی دین اور مذہب نہیں۔ اللہ کا شکر ہے کہ سعودی عرب کے سیکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کرکے مسجد حرام میں دہشت گردی کی ناپاک سازش ناکام بنا کر دہشت گردوں کو ناکام و نامراد کیا ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ روز سعودی عرب کی پولیس نے مکہ معظمہ اور جدہ میں کارروائی کرکے ایک خاتون سمیت متعدد دہشت گردوں کو حراست میں لیا تھا۔ اس دوران ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑادیا۔ سعودی حکام کے مطابق پکڑے گئے دہشت گرد مسجد حرام میں دہشت گردی کی سازش کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔