اسلام آباد: چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اپنی بساط سے بڑھ کر لڑی،اب افغانستان سمیت دیگر فریقین دہشت گردی کے خلاف مزید اقدامات کرے، پاکستان کی عوام ہی بہادر سیکورٹی فورسز کی اصل طاقت ہے، پاکستان اور عوام کی سیکورٹی پر منڈلانے والے ہر خطرے کو ختم کریں گے.
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت جی ایچ کیو راوالپنڈی میں اہم سیکورٹی اجلاس میں ملک کی موجودہ سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔سیکورٹی اداروں نے آرمی چیف کو حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر تفصیلی بریفنگ میں بتایا کہ ملک میں حالیہ واقعات کے تانے بانے افغانستان میں این ڈی ایس اور را کی سرپرستی میں کام کرنے والی دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں سے ملے۔
آرمی چیف نے کہا کہ نائن الیون کے بعد سے پاکستان دہشت گردی کا شکار رہا اور بہت قربانیاں دی ہیں، بدقسمتی سے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم نہیں کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جنگ جاری ہے اور پاکستان اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔