پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے دہشتگردوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کی بنوں جرگہ کے مطالبات پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرادی گئی ۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی اپیکس کمیٹی اور بنوں امن جرگے کےا رکان کا اجلاس ہوا جس میں جرگے کے مطالبات تسلیم کرلیے گئے۔بنوں واقعے پر خیبرپختونخوا کی اعلیٰ سول اور عسکری قیادت کی اہم بیٹھک ہوئی۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کور کمانڈر پشاور اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے جب کہ بنوں امن جرگہ کے مطالبات پیش کرنے کےلیے 5 ارکان بھی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں شریک تھے۔
اپیکس کمیٹی کا مشترکا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا کہ دہشت گرد ہر صورت قابل مذمت ہیں، ان کے خلاف کارروائی ہوگی، پولیس مسلح گروہ کے دفاتر کے خلاف بلاتفریق کارروائی کرےگی۔ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں عسکری اداروں نے واضح کیا کہ کے پی میں کوئی آپریشن نہیں ہو رہا۔
دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائی پولیس اور سی ٹی ڈی کرےگی۔ سرحد کے قریب ایسے علاقوں میں جہاں پولیس کارروائی نہ کرسکے وہاں فوج کی مدد لی جائے گی، پولیس کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ ہر وقت گشت کو یقینی بنایا جائے۔