اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ارشد شریف قتل ازخودنوٹس کیس سماعت کے لیے مقرر کر دیا۔
سپریم کورٹ نے صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے ازخود نوٹس سماعت کے لیے مقرر کردیا ۔
جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ 29 جولائی کو سماعت کرے گا۔ سپریم کورٹ سے جاری کاز لسٹ کے مطابق جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس شاہد بلال حسن تین رکنی بینچ کا حصہ ہیں۔
اٹارنی جنرل، ڈی جی ایف آئی اے، سیکریٹری داخلہ اور آئی جی اسلام آباد سمیت دیگر فریقین کو بھی نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔
یہاں یہ ذکر بھی کرنا ضروری ہے کہ صحافی ارشد شریف قتل کیس کے حوالے سے کینیا کی ایک عدالت نے ارشد شریف کے قتل غلط شناخت کا نتیجہ قرار دینے کا پولیس کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کینیا کے قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سیکیورٹی ایجنسیوں کے خلاف تحقیقات کا حکم دے چکی ہے ۔
کینیا کی عدالت نے اپنے فیصلے میں ارشد شریف کے پسماندگان کو ایک کروڑ شلنگ (کینیا کی کرنسی جس کی مالیت پاکستانی روپوں میں تقریبا 2 کروڑ 17 لاکھ روپے بنتی ہے) جبکہ یہ رقم 78ہزار امریکی ڈالرز بنتی ہے کی ادائیگی کا حکم بھی دیا تھا، کینیا کی عدالت نے ارشد شریف کی بیوہ کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 2022 میں ارشد شریف قتل کی شفاف تحقیقات کیلئے ازخودنوٹس لیا تھا۔