اسلام آباد :پی ٹی آئی اور بانی نےملک دشمنی کی تمام حدیں پار کر دیں۔رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور پاکستان تحریک انصاف کو فارن لابیز کی پشت پناہی حاصل ہے۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ فارن لابیز کی پشت پناہی کے شواہد اس وقت منظر عام پر آئے جب بیرون ملک میں مقیم کچھ ہمدردوں نے بانی پی ٹی آئی کے حق میں باقاعدہ ٹویٹ کیے اور ان ٹویٹس میں بانی پی ٹی آئی کو مظلوم اور ریاست پاکستان کو ظالم دکھایا گیا۔
اس کے علاوہ الیکشن میں بھی باقاعدہ الیکشن مہم چلائی گئی ۔ بانی پی ٹی آئی اور ان کی جماعت کے بیرون ممالک بیٹھے ہمدردوں میں سٹیو ہیکن، مائیکل کوگل مین، شیلا جیکسن اور دیگر اہم شخصیات بھی شامل ہیں جنہوں نے سوشل میڈیا پر بانی پی ٹی آئی اور ان کی جماعت کے حق میں ایکس اکاؤنٹس کے ذریعے بانی پی ٹی آئی کے جرائم پر پردہ ڈالنے اور انکی تشہیر میں بھرپور کردار ادا کیا۔
متعدد امریکی کانگریس مین نے اپنے اپنے ایکس اکاؤنٹس کے ذریعے پیغام دیا کہ پاکستان کا مستقبل اس کے عوام کو طے کرنا ہے اور یہ واضح ہو چکا ہے کہ پی ٹی آئی پاکستان کی سب سے مقبول جماعت ہے جبکہ متعدد غیر ملکی کرداروں نے بانی پی ٹی آئی کی حراست کو غیر قانونی بھی قرار دیا۔
انڈیپینڈنٹ، انٹرسیپٹ، فنانشل ٹائمز، الجزیرہ، بی بی سی اور اکانومسٹ جیسے جریدوں نے بھی بانی پی ٹی آئی اور ان کی جماعت کی بھرپور تشہیر کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو پاکستان میں خطرات لاحق ہیں، ان کے خلاف بے جا مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔
دوسری طرف یہ بات بھی قابل ِ ذکر ہے کہ چند غیر ملکی جریدے ایسے بھی ہیں جو حقیقت پر مبنی صحافت پر یقین رکھتے ہیں اور انہی کی بین الاقوامی رپورٹس میں بانی پی ٹی آئی کی جماعت کو برطانیہ سے ممنوعہ فنڈنگ کی وصولی کا بھی انکشاف ہو چکا ہے جس نے بانی پی ٹی آئی کی ایمانداری اور دیانتداری کے جھوٹے دعوے کا پول کھول کر رکھ دیا ہے۔
مختلف رپورٹس میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ 2013ء کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کی انتخابی مہم کا بڑا حصہ غیر ملکی ابراج گروپ کے سربراہ عارف نقوی نے فراہم کیا اور یہ رقم فلاحی مقاصد کیلئے مختلف ذرائع سے غیر قانونی طریقوں سے حاصل کی گئی تھی۔ رپورٹس کے مطابق مختلف کمپنیوں اور شخصیات نے مجموعی طور پر 33لاکھ ڈالرز کے فنڈز پی ٹی آئی کو دیئے۔یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پی ٹی آئی نے چیریٹی کے نام پر غیر ملکیوں سے فنڈز وصول کرتے ہوئے اُنہیں یہ تاثر دیا کہ یہ فنڈز شوکت خانم ہسپتال کیلئے جمع کئے جارہے ہیں لیکن بعد میں ان فنڈز کو پی ٹی آئی نے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا۔
پی ٹی آئی کی فارن لابنگ کے مزید شواہد بھی موجود ہیں جیسا کہ رپورٹ سامنے آئی کہ پی ٹی آئی نے رواں سال ہونے والے انتخابات کے دوران اپنی تشہیر کیلئے امریکی پی آر فرم سے تین ماہ کا معاہدہ کیا تھا۔اسکے باوجود پی ٹی آئی نے اپنی ملک دشمن کارروائیوں کا سلسلہ نہیں روکا اور پاکستان کیخلاف مسلسل منفی پروپگینڈا جاری رکھا ہوا ہے جس کے لئے سوشل میڈیا، ذرائع ابلاغ کے دیگر ذرائع اور گھوسٹ آرٹیکلز کے ذریعے یہ سب کاروائیاں آپریشن گولڈسمتھ کی مد میں کی جارہی ہیں جو کہ ایک منظم تحریک ہے جس میں غیر ملکی بااثر شخصیات اور لابنگ فرمز کا گٹھ جوڑ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے، ریاستی اداروں کو بدنام کرنے اور عوام و ریاست کے مابین خلیج پیدا کرنے کیلئے ہر لمحہ سرگرم ہے۔