پیرس: وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ خان جو پیرس 2024 اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے پیرس میں ہیں، آج یونیسکو کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ’چینج دی گیم‘ وزارتی فورم میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ نے ’پائیدار سماجی وراثت کے لیے معیاری جسمانی تعلیم اور کھیل سے فائدہ اٹھانے‘ پر مرکوز بحث میں حصہ لیا۔انہوں نے 2024 کے پیرس اولمپک کھیلوں کے سلسلے میں اس اعلیٰ سطحی فورم کے انعقاد کے لیے یونیسکو کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ اولمپکس جیسے میگا اسپورٹس ایونٹس پوری دنیا کو صحت مند مقابلے میں اکٹھا کرنے میں ایک متحد قوت کے طور پر کام کرتے ہیں - جہاں ہم سب فاتح ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان 240 ملین آبادی کا ملک ہے اور آبادی کا دو تہائی حصہ 24 سال سے کم عمر ہے جس سے پاکستان دنیا کے نوجوان ترین ممالک میں شامل ہے۔ فرانس میں پاکستان کے سفیر اور یونیسکو کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
مزید براں پیرس میں مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا ثنااللہ نےکہا کہ میاں نوازشریف کی کامیاب پالیسیوں کی وجہ سے 2013سے 18 تک نہ مہنگائی تھی۔لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی کا خاتمہ کردیا تھا۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ھمارا مینڈیٹ چوری کرکے لایا گیا اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ نے نوازشریف کے خلاف سازش کی اور اسے و ملک پر مسلط کیا۔ بانی پی ٹی آئی اپنے دور حکومت میں صرف اپوزیشن کو ختم کرنے کیلئےزورلگاتارھا اور معیشت پر توجہ نہ دی جس کا نتیجہ آج بھی عوام بھگت رہے ہیں۔