وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کا اجلاس آج طلب

10:05 AM, 25 Jul, 2024

نیوویب ڈیسک

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے اپیکس کمیٹی کا اجلاس آج طلب کر لیا جس میں بنوں واقعہ کے بعد جرگہ کےمطالبات پر غور کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس آج دن 12 بجے ہو گا، اجلاس میں کورکمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری، آئی جی شرکت کریں گے، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ سمیت دیگر حکام بھی شریک ہوں گے۔

اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں بنوں جرگہ کے پانچ مشران بھی شرکت کریں گے، حکومت کی جانب سے تسلیم کیے گئے بنوں جرگہ کے مطالبات اپیکس کمیٹی کے سامنے رکھے جائیں گے، بنوں واقعہ سے متعلق کمیشن بنانے کے طریقہ کار پر اجلاس میں غور کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلی ٰ علی امین گنڈاپور بنوں میں  واقعہ کی جگہ کادورہ بھی کریں گے۔

واضح رہے کہ بنوں واقعہ پر چند روز قبل جرگہ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہوا تھا، جرگہ کے اراکین نے علی امین گنڈا پور کے سامنے مطالبات رکھے تھے، مطالبات تسلیم کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے اپیکس کمیٹی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا تھا۔

مزیدخبریں