کراچی: بھارت کی جیلوں سے رہائی پانیوالے 13 پاکستانی ماہی گیروں کوسیکیورٹی حکام نے تحقیقات کے بعد ایدھی فاؤنڈیشن کے حوالے کر دیا۔ ماہی گیروں کو ایدھی کی خصوصی گاڑی کے ذریعے کراچی روانہ کیا جائے گا۔
ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق ایدھی فاؤنڈیشن کے حوالے کیے جانیوالوں میں محمد عارف، غلام رسول، محمد رمضان، محمد طارق، لونگ محمد ، راحب ، حمزہ علی، احمد، روشن علی، عبدالامین، فرید عالم اور مشتاق احمد بھی شامل ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ماہی گیروں کو بھارتی حکام نے سمندری خلاف ورزی پر گرفتار کیا، ان کا تعلق پنجاب، سندھ اور کراچی سے ہے۔غلام رسول کا تعلق لاہور کے سرحدی علاقہ بھسین، محمد عارف پیر محل اور محمد رمضان تونسہ شریف کا رہائشی ہے۔انہوں نے کہا کہ باقی تمام شہریوں کا تعلق کراچی سندھ سے ہے۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان نے کہا کہ بھارت سے رہا ہوکر آنیوالوں کے رہائشی علاقوں کی تصدیق اور انکے خاندانوں سے رابطے کے بعد ان کے حوالے کردیا جائیگا۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے چیئرمین فیصل ایدھی کی ہدایت پر ماہی گیروں کو ایدھی کی خصوصی گاڑی کے ذریعے کراچی روانہ کیا جائے گا۔