جھل مگسی: بلوچستان کے علاقے سارنگانی میں بارش سے دو دیہات زیرآب آگئے۔مون سون بارشوں کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی سے ہر طرف پانی ہی پانی جمع ہو گیا۔ یوسی کھاری اور ہتھیاری بھی مکمل طور پر زیرآب آ گیا جبکہ ہیڈ کوارٹر شہر گنداواہ کا دیگر شہروں سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
بلوچستان کےعلاقے اوستہ محمد کی تحصیل گنداخا کی مٹھڑی نہر کو لگنے والا شگاف بھی بند نہ ہوسکا۔گنداخا کے متعدد دیہات زیرآب آ گئے جبکہ چاول کی پنیری کو بھی نقصان پہنچا۔
ذرائع کے مطابق بسیمہ اور نواحی علاقے پتک میں بارشوں اور ریلوں نے تباہی مچا دی ہے۔ سیلابی ریلے شہری آبادی میں داخل ہوگئے جس کی وجہ سے متعدد گھر ، دکانیں اور ہوٹل گر گئے ہیں۔اس کے علاوہ بارش سے نشیبی علاقوں میں تیار فصلیں برباد ہو گئیں۔
آواران کے علاقوں میں بارش کے بعد مقامی ندی میں پانی کا بہا ؤ تیز ہو گیا جس کے پیش نظر حفاظتی بند ٹوٹنے کا بھی خدشہ ہے۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی وجہ سے مختلف واقعات میں 6 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوئے ہیں۔