گال : گال ٹیسٹ کے دوسرے روز سری لنکا کے 378 رنز کے جواب میں پاکستانی بلے بازوں نے انتہائی بری کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور گرین کیپس نے کھیل کے اختتام پر 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 191 رنز بنائے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور عبد اللہ شفیق نے کیا لیکن عبد اللہ شفیق پہلے ہی اننگز میں بغیر کسی کوئی رن بنائے تیسری گیند پر آؤٹ ہو گئے جبکہ بابر اعظم بھی 16 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
امام الحق 32 اور محمد رضوان اور فواد عالم 24، 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد نواز 12 رنز کے مہمان ثابت ہوئے تاہم دوسرا ٹیسٹ کھیلنے والے سلمان علی آغا نے لنکن بولرز کے سامنے مزاحمت کی اور اپنی پہلی ٹیسٹ ففٹی مکمل کی تاہم وہ بھی 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنالیے اور سری لنکا کو 187 رنز کی سبقت حاصل ہے۔ یاسر شاہ 13 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ سری لنکا کی جانب سے رمیش مینڈس نے 3 اور پراباتھ جے سوریا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں گال ٹیسٹ کے دوسرے روز سری لنکا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 315 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو نروشان ڈک ولا 42 اور دونتھ ویلا لگے 6 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ تاہم نسیم شاہ نے پہلے ڈک ولا کو 51 اور پھر ویلا لگے کو 11 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔
رمیش مینڈس نے 35 رنز اسکور کیے جبکہ پراباتھ جے سوریا وکٹ 8 رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار بنے۔ پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور یاسر شاہ نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد نواز نے دو اور نعمان علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔