کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش

08:52 AM, 25 Jul, 2022

نیوویب ڈیسک

کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رات بھر وقفے وقفے سے تیز بارش کے باعث متعدد علاقوں میں پانی جمع ہو گیا اور سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شدید بارش برسانے والے بادل پورے کراچی پر موجود ہیں اور آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے صدر اور ٹاور سمیت اولڈ کراچی کی سڑکیں اور گلیوں میں ہر جانب پانی ہی پانی نظر آنے لگا، کئی کئی فٹ پانی جمع ہوجانے سے شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق مسلسل بارش کے باعث ملیر ریور برج میں گہرا شگاف پڑگیا جس کے بعد ایک ٹریک کو بند کردیا گیا اور کے پی ٹی، سب میرین اور مہران انڈر پاس میں بھی بارش کا پانی جمع ہوگیا جبکہ ناگن چورنگی پر سڑکیں اور فٹ پاتھ پانی میں ڈوب گئے۔ 
شہر کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 4 کمرشل اور سکس کی سڑکوں پر بھی ہر سو پانی ہی پانی ہے جبکہ کئی مکانوں میں پانی داخل ہونے سے شہریوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ پی ای سی ایچ ایس، لیاقت آباد سی ون ایریا اور عزیز آباد بلاک 2 سمیت کئی علاقوں میں پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شدید بارش برسانے والے بادل پورے کراچی پر موجود ہیں اور شہر میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ 30 جولائی سے ایک اور سسٹم اثرانداز ہو سکتا ہے۔ 

مزیدخبریں