'شکست کو دیکھتے ہوئے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی دھاندلی کا واویلا مچانا شروع ہو گئی ہیں'

06:38 PM, 25 Jul, 2021

اسلام آباد: وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی ووٹوں کی گنتی شروع ہونے سے پہلے ہی دھاندلی کا واویلا مچانا شروع ہو گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی پی ٹی آئی کے کارکنوں کے خلاف غنڈہ گردی جاری ہے۔ اب تک پی ٹی آئی کے دو کارکن اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔

آزاد کشمیر کے انتخابات سے متعلق بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ یہ انتخابات میں دھاندلی کا رونا روئیں گے ، گلگت بلتستان میں بھی انہوں نے شکست کو دیکھتے ہوئے دھاندلی کا رونا دھونا شروع کر دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن انتخابی مہم کے آغاز سے ہی یہ بھارت کا بیانیہ پیش کر رہی ہے اور مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر اسماعیل گجر کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں کیونکہ اسماعیل گجر کا بیان ظاہر کرتا ہے کہ ان کے بھارت کے ساتھ گہرے مراسم ہیں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی پی ٹی آئی کے کارکنوں کے خلاف غنڈاگردی جاری ہے ،اب تک پی ٹی آئی کے دو کارکن اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں اور اس وقت تک مختلف واقعات میں پی ٹی آئی کے سات کارکن زخمی بھی ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ایک کارکن کو چوہدری یاسین کے بیٹے نے خود فائرنگ کر کے شہید کیا اور چوہدری یاسین کے بیٹے نے اپنی فائرنگ سے متعدد پی ٹی آئی کے کارکنوں کو زخمی بھی کیا ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام تحریک انصاف کی بھرپور سپورٹ کر رہے ہیں جبکہ ہم صاف شفاف اور پرامن انتخابات کے حامی ہیں۔ شکست کو دیکھتے ہوئے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی اپنی غنڈہ گردی سے بدامنی پھیلانا چاہتی ہے۔

مزیدخبریں