لاہور : رہنما مسلم لیگ (ن) محمد زبیر نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں جس طرح آج الیکشن ہوئے ہیں ایسے پہلے نہیں ہوئے ، پاکستان میں مختلف الیکشنز میں دھاندلی کے نئے طریقے آزمائے گئے ۔
اپنے بیان میں محمد زبیر نے کہا کہ پاکستان کے الیکشن میں مختلف اسٹیجز پر دھاندلی ہوتی ہے ۔ ڈسکہ کے الیکشن میں بھی دھاندلی کے تمام حربے اختیار کئے گئے ۔
انہوں نے کہا کہ پولنگ ڈے پر کوئی بھی جماعت مطمئن نہیں ہوسکتی ، پولنگ کے دوران بدامنی کے واقعات ہوتے رہتے ہیں ۔ آزاد کشمیر میں الیکشن کے دوران قیام امن کیلئے سیکیورٹی فورسز تعینات کی گئیں ۔
محمد زبیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر میں بھرپور انتخابی مہم چلائی ، آزاد کشمیر الیکشن مہم کیلئے مسلم لیگ (ن) نے مریم نواز کو منتخب کیا تھا ، شہباز شریف نے کچھ جلسوں میں آنا تھا بعد میں مریم نواز کو یہ ذمہ داری دیدی گئی ۔
لیگی رہنما نے کہا کہ دنیا بھر میں الیکشن مہم میں عوام کی بھرپور شرکت اثر دکھاتی ہے ۔ ماضی میں جس کی مرکز میں حکومت ہوتی تھی اس کی دیگر صوبوں میں بھی حکومت رہی ہے ۔