شیری رحمان نے آزاد کشمیر الیکشن میں منظم دھاندلی کا الزام لگا دیا

 شیری رحمان نے آزاد کشمیر الیکشن میں منظم دھاندلی کا الزام لگا دیا
کیپشن: شیری رحمان نے آزاد کشمیر الیکشن میں منظم دھاندلی کا الزام لگا دیا
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے آزاد کشمیر الیکشن میں منظم دھاندلی کا الزام عائد کر دیا۔

شیری رحمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وفاقی حکومت انتخابات چوری کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوٹلی میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی گاڑی پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے فائرنگ کی اور فوارہ چوک پولنگ اسٹیشن پر پولیس نے پیپلز پارٹی کا کیمپ اکھاڑ دیا۔ کئی پولنگ اسٹیشنز کی ووٹر فہرستوں میں واضح فرق ہے، پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن کو تحریری شکایت جمع کروا دی ہے۔

خیال رہے کہ الیکشن میں پی ٹی آئی، ن لیگ ،پیپلز پارٹی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ آزاد کشمیر سمیت ملک کے دیگر شہرو ں میں قائم 6 ہزار 139 میں سے 826 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس اور ایک ہزار  209 پولنگ اسٹیشن حساس قرار دیئے گئے ہیں، انتخابی عمل کے دوران حساس پولنگ اسٹیشنوں پر فوج تعینات ہے، 40 ہزار پولیس اہلکار بھی الیکشن ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔

 آزاد کشمیر کے اضلاع میں تینتیس اور پاکستان کے مختلف علاقوں میں مقیم جموں و کشمیر کے پناہ گزینوں کے بارہ حلقوں سمیت کل پینتالیس نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں۔آٹھ مخصوص نشستوں کیلئے انتخابی شیڈول کا اعلان عام انتخابات کے بعد کیا جائے گا۔

چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر عبدالرشید سلہریا نے نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ ٹرن آوٹ 56 فیصد سے زائد رہنے کا امکان ہے، انتخابات کیلئے حکومت نے مکمل معاونت کی، آزاد کشمیر کے عوام اپنا حق رائے دہی ضرور استعمال کریں، انتخابات کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں عبدالرشید سلہریا نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے۔

انتخابات کے دوران ہنگامہ آرائی کے بھی اکا دکا واقعات ہوئے۔ ایل اے 25 نیلم ون کے حساس ترین پولنگ اسٹیشن نمبر 53 پر ہنگامہ آرائی کے دوران ن لیگ اور تحریک انصا ف کے ایجنٹوں کی جانب سے ووٹر سلپ پھاڑ دی گئیں، پولنگ آفیسر کی جانب سے پولنگ کے عمل روک دیا گیا۔کوٹلی ایل اے 12 چڑھوئی میں پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کارکنان میں تصادم کے دوران فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، 2 زخمی ہو گئے۔ عملے نے پولنگ روک دی۔