اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں دھاندلی کی باتیں سیاسی مخالفین کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہیں ، امید ہے تحریک انصاف آزاد کشمیر الیکشن میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گیلپ سروے میں پی ٹی آئی زیادہ کامیاب دکھائی دے رہی ہے ۔ عوام کا واضح رجحان پی ٹی آئی کی طرف دکھائی دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے آزاد کشمیر میں 5 سال کوئی ترقیاتی کام نہیں کرایا ۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کے سیٹ اپ میں نگران حکومت کی گنجائش نہیں ، آزاد کشمیر میں الیکشن موجودہ وزیراعظم کی زیر نگرانی ہو رہے ہیں ۔ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انتخابات میں ہو کا عالم ہوتا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں سیاسی قیادت کا بڑا حصہ قید میں ہوتا ہے ۔ آزاد کشمیر الیکشن میں اس وقت گہما گہمی ہے ۔ کیا بھارت مقبوضہ کشمیر الیکشن میں غیر جانبدار مبصروں کو جانے دے گا ؟