کوٹلی : چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر عبدالرشید سلہریا نے کہا ہے کہ کوٹلی میں کشیدگی کے بعد پاک فوج پہنچ گئی ہے ۔ جہاں حالات کشیدہ ہوں گے وہاں پاک فوج پولنگ کا عمل شروع کرائے گی ۔
راولاکوٹ دورے کے دوران چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر نے کہا کہ ووٹرز سے گزارش ہے اپنا ووٹ کاسٹ کریں ۔ کشیدگی والے علاقوں میں معاملات کنٹرول کیے جا رہے ہیں ۔ پولنگ کی شرح بہت اچھی رہنے کی امید ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جائے گا اور پولنگ کے اختتام پر رزلٹ کی ایک ایک کاپی پولنگ ایجنٹ کو فراہم کی جائے گی ۔
واضح رہے کہ آج صبح مظفر آباد میں پولنگ کے عمل کا معائنہ کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرشید سلہریا نے کہا تھا کہ پولنگ کا عملہ انتخابی قواعد و ضوابط پر مکمل عملدر آمد کر رہا ہے اور ووٹرز انتخابی عملے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں ۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو مختلف پولنگ سٹیشنوں کا دورہ کرے گی اور انتخابی عمل کا معائنہ کرے گی ۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی شرح پچاس فیصد سے زائد رہنے کا امکان ہے ۔