لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اونگزیب نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں شفافیت ، غیرجانبداری سوالیہ نشان بنتی جا رہی ہے ، آزاد جموں و کشمیر کے عوام ووٹ کی حفاظت ہر قیمت پر کریں گے ۔
آزادجموں وکشمیر کے انتخابات میں ووٹ کی حفاظت اور عوام کے حق حکمرانی کے تحفظ کے لئے ہمہ وقت نگرانی کا فرض انجام دے رہا ہے۔الیکشن میں دھاندلی، دھونس اور گڑبڑ کے تمام واقعات کا اندراج کیاجارہا ہے جسے عوام اور میڈیا کے سامنے لاتے رہیں گے۔
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) July 25, 2021
اپنی ٹویٹ میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ ایجنٹس روکنے ، پی ٹی آئی کی گاڑیوں میں پولنگ سامان لانے ، فائرنگ اور مداخلت کے قابل مذمت واقعات کی بڑھتی تعداد انتہائی تشویشناک اور شفاف الیکشن کے تقاضوں کے منافی ہے ۔
فیلڈ میں موجود کارکنان اور عوام کی مدد کے لئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال کی سربراہی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کا خصوصی مانیٹرنگ سیل صبح سے کام کررہا ہے
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) July 25, 2021
دوسری جانب ، آزاد جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید نے کہا ہے کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنایا جائے گا ۔
وہ آج صبح مظفر آباد میں پولنگ کے عمل کا معائنہ کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ کا عملہ انتخابی قواعد و ضوابط پر مکمل عملدر آمد کر رہا ہے اور ووٹرز انتخابی عملے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں ۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو مختلف پولنگ سٹیشنوں کا دورہ کرے گی اور انتخابی عمل کا معائنہ کرے گی ۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی شرح پچاس فیصد سے زائد رہنے کا امکان ہے ۔