عوام کی حمایت سے پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں بھی حکومت بنائے گی: وزیراعلیٰ پنجاب

12:55 PM, 25 Jul, 2021

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم اور عوام کی حمایت سے پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں بھی حکومت بنائے گی ۔

اپنے بیان میں عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام بھی آج نئے پاکستان کی بنیاد رکھیں گے ۔ آزاد کشمیر کے باشعور عوام کی وزیر اعظم عمران خان سے محبت غیر متزلزل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مخالف جماعتوں کے پاس کوئی پروگرام ہے نہ ایجنڈا ۔ ان کے چہروں پر مایوسی عیاں ہے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملک کے وسائل لوٹنے والوں کو عوام نے پہلے بھی مسترد کیا اور آج بھی کریں گے ۔ کشمیر پر تجارت کو فوقیت دینے والوں کو عوام ووٹ کی طاقت سے رد کر دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام مخالف جماعتوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے ۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 45 انتخابی حلقوں میں پولنگ شروع ہو گئی ہے ۔ 32 لاکھ 20 ہزار ، 793 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔ پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی ۔

مجموعی طور پر 6 ہزار 139 ، پولنگ سٹیشنز پر 9 ہزار 101 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں جبکہ ایک ہزار 209 پولنگ سٹیشنز حساس اور 826 کو حساس ترین قرار دیا گیا ہے ۔

مزیدخبریں