آئی جی پنجاب کی آزاد جموں و کشمیر الیکشن کے پُرامن انعقاد کیلئے ہدایات جاری

12:37 PM, 25 Jul, 2021

لاہور: آئی جی پنجاب نے آزاد جموں و کشمیر الیکشن کے پُرامن انعقاد کیلئے آر پی اوز ، ڈی پی اوز کو ہدایات جاری کر دیں ۔

آئی جی پنجاب انعام غنی کا کہنا ہے کہ سی سی پی او لاہور ، تمام آر پی اوز ، سی پی اوز اور ڈی پی اوز حساس پولنگ اسٹیشنز کے دورے کریں اور سیکیورٹی صورتحال اور حالات کا جائزہ لیں ۔ امیدواروان کو پابند کیا جائے کہ ان کے پرائیویٹ گارڈز اسلحہ کی نمائش کسی صورت نہیں کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ تمام ڈی پی اوز ، ٹریفک پولیس اور سپیشل برانچ اپنی نگرانی میں سیکیورٹی پلان کے نفاذ کو یقینی بنائیں گے ۔ ڈی پی او ، ایس ڈی پی او اور ایس ایچ اوز زمینی حقائق ، روایات اور مشکلات کے جائزہ کیلئے پولنگ اسٹیشنز کے دورے کریں ۔ ہر موبائل اسکواڈ پولیس اسٹیشن کے ساتھ ساتھ ڈسٹرکٹ کنٹرول روم کے ساتھ وائر لیس کے ذریعے منسلک ہو ۔

انعام غنی نے ہدایت کی کہ حساس مقامات پر کسی بھی غیر یقینی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کیلئے مناسب اینٹی رائٹ فورس کو تیار رکھا جائے ۔ الیکشن کیلئے تعینات تمام اہلکاروں کو انکی ڈیوٹی کی حساسیت ، سیکیورٹی انتظامات اور دہشت گردی سمیت تمام خطرات بارے موثر بریفنگ دی جائے ۔ سپیشل برانچ ، سی ٹی ڈی اور ضلعی پولیس کے انٹیلی جنس آپریٹرز کو ہائی الرٹ رکھا جائے ۔ حساس مقامات پر غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنے کیلئے اضافی فورس تعینات کی جائے اور پولیس لائنز میں بھی ریزور رکھی جائے ۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ کورونا کی چوتھی لہر کے پیش نظر کورونا ایس او پیز کی سختی سے پاسداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز اپنے علاقوں کے پولنگ اسٹیشنز کے الیکشن سٹاف کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں ۔ الیکشن کے بعد فتح کیلئے ریلیوں کے انعقاد یا ہوائی فائرنگ کسی صورت قابل قبول نہیں ۔ الیکشن ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کی ویلفیئر ، ڈیوٹی ٹائمنگ اور سہولیات کی فراہمی کا خاص خیال رکھا جائے ۔ تمام سپروائزری افسران مثالی ٹیم لیڈرز کا کردار ادا کرتے ہوئے ماتحت سٹاف سے بہترین پرفارمنس لیں ۔

مزیدخبریں