مظفر آباد: آزاد کشمیر کے الیکشن میں بدنظمی اور تصادم کی اطلاعات ہیں۔ کوٹلی کے حلقہ ایل اے 12 چڑھوئی میں پولنگ سٹیشن پر فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
پولیس صورتحال کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ یہ خونی تصادم دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان ہوا۔
اس کے علاوہ کوٹلی میں پیپلز پارٹی کے امیدوار چودھری یاسین کی گاڑی پر بھی حملے کی اطلاعات ہیں۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ چودھری یاسین کی گاڑی پر حملہ تحریک انصاف کارکنوں نے کیا۔ پیپلز پارٹی نے انتظامیہ اور الیکشن کمیشن سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
کہا جا رہا ہے کہ فائرنگ اس قدر شدید تھی کہ اس سے گاڑی چھلنی ہو گئی تاہم چودھری یسین بال بال بچ گئے۔
ادھر انتخابی حلقے ایل اے 44 میں ایک پولنگ سٹیشن کے قریب پیپلز پارٹی کا پولنگ کیمپ اکھاڑ دیا گیا ہے۔
حلقہ 45 کے ایک پولنگ سٹیشن میں بدنظمی کے باعث پولنگ کا عمل روک دیا گیا ہے۔ پولیس نے ہنگامی آرائی میںملوث متعدد افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
راولا کوٹ کے حلقہ ایل اے 20 ریڑبن میں ووٹروں کے شدید احتجاج کی وجہ سے پولنگ سٹیشن کو بند کر دیا گیا ہے۔