بھارتی پروپیگنڈے سے سی پیک کی اہمیت کم نہیں ہوگی، ترجمان دفتر خارجہ

09:51 AM, 25 Jul, 2021

اسلام آباد: پاکستان نے کہا کہ بھارتی پروپیگنڈے سے سی پیک کی اہمیت کم نہیں ہوگی، بھارت کو پاک چین اقتصادی راہداری سے متعلق بیان دینے کا کوئی حق نہیں ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جموں وکشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے جو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہوگا، بھارت افغانستان سے متعلق تشویش ظاہر کرنا بندکرے، بھارت کا افغانستان میں سپائلر یا امن کو نقصان پہنچانے کا کردار عیاں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  سی پیک سے سماجی و معاشی ترقی ہوگی اور روابط بڑھیں گے۔ ترجمان نے تنازعہ جموں و کشمیر، افغانستان کی صورتحال اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے حوالے سے بھارتی وزیر خارجہ کے پارلیمنٹ میں دیئے گئے بیان پر اپنے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے بھارتی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور غیرذمہ دارانہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے جھوٹے اور من گھڑت الزامات نہ تو حقائق کو بدل سکتے ہیں اور نہ ہی ان سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں سے توجہ ہٹائی جاسکتی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق یہ ایک تصفیہ طلب مسئلہ ہے جسے کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جانا چاہئے۔

مزیدخبریں