لندن : نومنتخب برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اپنی کابینہ تشکیل دیتے ہوئے پاکستانی نژاد رکن پارلیمنٹ ساجد جاوید کو وزیر خزانہ کے عہدے پر فائز کر دیا۔
ساجد جاوید برطانوی وزیر خزانہ کےعہدہ ہر فائز ہونے والے پہلے غیر سفید فام رکن پارلیمنٹ ہیں۔وزیر خزانہ کا عہدہ برطانیہ میں وزیر اعظم کے بعد اہم ترین تصور کیا جاتا ہے اور ساجد جاوید اس سے قبل ٹریزا مے کی حکومت میں وزیر داخلہ تھے۔
وزیر خزانہ کا منصب ملنے کے بعد ساجد جاوید نے کہا کہ 'یہ عہدہ میرے لیے اعزاز ہے اور برطانوی وزارت خزانہ میں کام کرنے کیلئے پرعزم ہوں'۔انہوں نے کہا کہ بطور وزیر خزانہ یورپی یونین سے علیحدگی کی تیاری، قوم کو متحد کرنا اور معیشت کو اولیت بخش کر مواقع پیدا کرنا اہم ذمہ داریاں ہوں گی۔
خیال رہے کہ برطانوی حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی کے سربراہ بورس جانسن ملکہ کی منظوری کے بعد برطانیہ کے نئے وزیراعظم بن گئے ہیں۔
وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالتے ہی بورس جانسن نے اس بات کا اعلان کیا کہ چاہے کچھ بھی ہو برطانیہ 31 اکتوبر کو یورپی یونین سے علیحدہ ہو جائے گا۔
وزیراعظم بننے کے بعد 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کے باہر خطاب کرتے ہوئے بورس جانسن نے کہا کہ میں برطانیہ کو بہتر مستقبل کے لیے تبدیل کرنا چاہتا ہوں اور اب کوئی اگر مگر نہیں جبکہ برطانیہ 31 اکتوبر کو یورپی یونین سے علیحدہ ہو جائے گا۔