آج ایسا لگ رہاہے جیسے میں ورلڈ کپ جیت کے آیا ہوں:وزیراعظم عمران خان

10:23 AM, 25 Jul, 2019

اسلام آباد:وزیراعظم امریکہ کے کامیاب دورہ کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں جبکہ ان کا ایئرپورٹ پر کھلاڑیوں کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین ،علیم خان ،فردوس عاشق،فواد چودھری ،پرویز خٹک اور غلام سرور سمیت دیگر وزرا اور پارٹی کارکنوں نےاسلام آباد انٹر نیشنل ائر پورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ایسا لگ رہاہے جیسے میں ورلڈ کپ جیت کے آیا ہوں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دورہ امریکہ سے واپسی پر فقید المثال استقبال دیکھ کر انہیں لگ رہا ہے کہ وہ ورلڈ کپ جیت کر واپس آئے ہیں، وعدہ کرتا ہوں کہ قوم کو مایوس نہیں کروں گا، چوروں اور ڈاکوؤں کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لاکر عوام پر خرچ کریں گے، ہم نے ملک کے ادارے ٹھیک کرنے ہیں، وہ دن دور نہیں جب یہ ملک دنیا کا عظیم ملک بنے گااپنی قوم کو کسی کے سامنے جھکنے نہیں دوں گا۔

دورہ امریکہ سے واپسی پر اسلام آباد ائیرپورٹ پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کہ فقیدالمثال استقبال پر وہ تمام کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں، انہیں آج استقبال دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے کہ وہ ورلڈ کپ جیت کر آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے ہمیں 27 رمضان کو پاکستان کا تحفہ دیا اور یہ اللہ تعالی کا خاص ملک ہے اور دنیا میں یہ واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر قائم ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ نہیں بھولنا کہ ہم نے ایک عظیم قوم بننا ہے اور ہم نے وہ قوم بننا ہے ہے جس کا خواب علامہ اقبال اور قائداعظم نے دیکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نہ تو وہ کبھی کسی کے سامنے جھکے ہیں اور نہ ہی قوم کو کسی کے سامنے جھکنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے خوددار قوم بننا ہے، حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مدینہ کی ریاست اصولوں کی بنیاد پر بنائی تھی اور میری جدوجہد ہے کہ پاکستان کو ان اصولوں کے مطابق ایک عظیم ملک بناؤں۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں پاکستان کو مشکل حالات سے نکالیں گے اور چور اور ڈاکو جس طرح کے حالات چھوڑ کر گئے گئے اور اس ملک میں اداروں کو جو انہوں نے نقصان پہنچایا، ہم نے ان کو ٹھیک کرنا ہے، ایف بی آر کو بھی ہم نے ٹھیک کرنا ہے اور اپنے ملک کو پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کے اندر سے پیسہ اکٹھا کرنا ہے، ہسپتال بنانے ہیں عوام کو کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا صرف اسی قوم کی عزت کرتی ہے جو اپنی عزت کراتی ہے اور دنیا کے سامنے ہاتھ پھیلانے والوں کی عزت نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ یہ چور اور ڈاکو حکومت نہ کرتے تو پاکستان ایک عظیم ملک آج تک بن چکا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے ایک سال میں ہم نے صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے ہیں، ایک سال پہلے عوام نے ہمیں انتخابات میں کامیابی دلائی اور پاکستان تحریک انصاف کو اقتدار دلوایا۔

انہوں نے کہا کہ آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ کبھی آپ کو مایوس نہیں کروں گا، ملک کو ایک سال میں ہمیں ملک کو سنبھالنے میں لگا ہے، چور اور ڈاکو پیسہ چوری کرکے باہر لے گئے اور انہوں نے ملک کو مقروض اور دیوالیہ کر دیا ان کا احتساب ہم کریں گے، انہیں جیلوں میں ڈالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور مغربی دنیا یا سے بھی ہم نے بات کی ہے کہ ملک سے جو پیسہ چوری کرکے لے گئے ہیں، ان کا پیسہ واپس لانے کے لئے لئے ہماری مدد کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالی نے پاکستان کو ہر طرح کی نعمتوں سے نوازا ہے اور شاید ہی کسی اور ملک پر اللہ تعالیٰ نے اتنا کرم کیا ہو جتنا پاکستان پر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چوروں اور ڈاکوؤں نے اداروں کو بھی اس طرح تباہ کیا کہ ان کے اوپر چور چور بٹھا دیئے، اب ہم نے ان کو ٹھیک کرنا ہے اور اس ملک کو عظیم ملک بنانا ہے اور وہ وقت جلد آئے گا جب ہر پاکستانی سبز پاسپورٹ لے کر نکلے گا تو دنیا بھر میں اس کی عزت ہوگی۔

مزیدخبریں