نواز شریف کی والدہ نے وہیل چیئر پر آ کر ووٹ کاسٹ کر دیا

03:52 PM, 25 Jul, 2018

لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی والدہ شمیم بیگم نے این اے 124 میں اپنا ووٹ ڈالا۔ نواز شریف کی والدہ ووٹ ڈالنے کے لیے خصوصی طور پر لاہور پہنچیں وہ این اے 124 میں ریلوے روڈ پر واقع اسلامیہ کالج میں قائم پولنگ اسٹیشن میں ووٹ ڈالنے پہنچیں تو ان کے ساتھ (ن) لیگ کے حمایتوں کے ہجوم کے باعث سیکیورٹی عملے نے گاڑی کو اندر جانے سے روک دیا۔

 (ن) لیگی عہدیداران اور سیکیورٹی عملے کے درمیان بات چیت کے بعد پولنگ اسٹیشن کا گیٹ کھول دیا گیا اور انہیں اندر جانے کی اجازت دی گئی۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ ن کا پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھانے کا مطالبہ

خیال رہے ملک بھر میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے پولنگ آج ہو رہی ہے، جہاں 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

قومی اسمبلی کی 270 جب کہ چاروں صوبوں کی 570 نشستوں پر پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 6 بجے تک بلاتعطل جاری رہے گا۔ انتخابی عمل میں تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سمیت کل 122 سیاسی و مذہبی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں۔ قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لیے 12 ہزار 570 امیدوار میدان میں ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں