سعودی اتحادیوں کا قطری اور یمنی ’دہشت گرد‘ گروہوں کو بلیک لسٹ کرنے کا اعلان

10:14 AM, 25 Jul, 2017

ریاض: سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک نے اعلان کیا ہے کہ انھوں نے یمن، قطر اور لیبیا سے تعلق رکھنے والے فلاحی اداروں اور کارکنوں کو اسلامی شدت پسندوں کے ساتھ مشتبہ تعلقات پر ’دہشت گرد‘ قرار دے کر بلیک لسٹ کر دیا ہے۔

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر کی جانب سے جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں نو فلاحی اداروں اور نو دیگر افراد کو 'قطری انتظامیہ کے ساتھ بلاواسطہ یا بالواسطہ‘ تعلق رکھنے کے الزام کے ساتھ ’دہشت گرد‘ قرار دیا گیا ہے۔ مشترکہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تین یمنی اورلیبیا کی چھ تنظیموں پر القاعدہ اور شامی گروہ کے ساتھ تعلقات کا الزام ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے جون میں قطر کی مبینہ طور پر دہشت گردی کی حمایت اور ایران کے ساتھ روابط کی بنا پر تعلقات ختم کرتے ہوئے قطر کے سامنے کئی مطالبات رکھے تھے تاہم قطر نے تمام الزامات مسترد کر دیئے تھے۔

گذشتہ دنوں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی نے کہا تھا کہ وہ چار عرب ممالک کے بائیکاٹ کو ختم کرنے کے لیے مذاکرات کرنے کے لیے تیار ہیں تاہم کسی بھی حل کیلئے قطر کی خود مختاری کا احترام کرنا ہو گا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں