سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی: خیبرپختونخوا میں تین آپریشنز میں 30 خوارج ہلاک

سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی: خیبرپختونخوا میں تین آپریشنز میں 30 خوارج ہلاک

راولپنڈی: پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں تین علیحدہ کارروائیوں میں 30 خوارج کو ہلاک کر دیا ہے۔ اس بارے میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 24 اور 25 جنوری کو خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں تین الگ الگ کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 30 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ ان کارروائیوں میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع لکی مروط میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا گیا۔ جس کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور 18 خوارج کو ہلاک جبکہ 6 کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

دوسری انٹیلی جنس کارروائی ضلع کرک میں کی گئی جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 8 خوارج ہلاک ہوئے۔ اس کے علاوہ تیسری جھڑپ خیبر ضلع کے عمومی علاقے باغ میں ہوئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے 4 خوارج کو ہلاک کر دیا۔

باغ میں دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں میں خارجی رہنما عزیز الرحمن عرف قاری اسماعیل اور خارجی مخلص بھی شامل تھے، جبکہ 2 خوارج زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ مزید برآں ہلاک ہونے والے خوارج معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

اعلامیے کے مطابق علاقے میں کسی بھی باقی ماندہ خوارج کو ختم کرنے کے لیے کلیرنس آپریشن جاری ہیں، پاک فوج دہشت گردی کے ناسور کو ملک سے مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔