مفت موبائل فون کے لالچ میں بھارتی شہری کروڑوں روپے گنوا بیٹھا

02:12 PM, 25 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

بنگلورو:ٹیکنالوجی کے اس دور میں سائبر فراڈز اور دھوکہ دہی کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں، اور ایسا ہی ایک واقعہ بھارت کے شہر بنگلورو میں پیش آیا۔ یہاں ایک شخص مفت موبائل فون کے لالچ میں اپنی کروڑوں روپے کی رقم گنوا بیٹھا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 60 سالہ شہری کو ایک فراڈیے نے واٹس ایپ پر رابطہ کیا اور خود کو  بینک کا نمائندہ ظاہر کرتے ہوئے ایک پرکشش پیکیج کی پیشکش کی۔ فراڈیے نے کہا کہ اگر وہ سِم کارڈ خریدے گا تو اسے ایک نیاموبائل فون مفت میں دیا جائے گا جس کی قیمت ایک لاکھ روپے ہے۔ اس لالچ میں آ کر شہری نے فوراً یہ آفر قبول کر لی۔

مگر اس موبائل فون میں میلویئر وائرس چھپے ہوئے تھے، جن کی مدد سے ہیکرز نے اس شخص کے بینک اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کی۔ ان وائرسز کا استعمال کرتے ہوئے فراڈیے نے اس کے اکاؤنٹ سے 2 کروڑ 80 لاکھ بھارتی روپے نکال لیے۔

متاثرہ شخص کو اس دھوکہ دہی کا علم اس وقت ہوا جب بینک نے اسے اطلاع دی کہ اس کے اکاؤنٹ سے بڑی رقم منتقل کر دی گئی ہے۔ اس واقعے نے ایک بار پھر سائبر فراڈز کی سنگینی کو اجاگر کیا ہے اور انٹرنیٹ پر لالچ دینے والی آفرز سے ہوشیار رہنے کی ضرورت کو واضح کیا ہے۔

مزیدخبریں