اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 26ویں آئینی ترمیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے اسے کالعدم قرار دینے کی درخواست دائر کر دی ہے۔ پی ٹی آئی کی طرف سے ایڈووکیٹ سمیر کھوسہ کے ذریعے دائر کی گئی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ترمیم پر فیصلہ آنے تک جوڈیشل کمیشن کو ججز کی تعیناتی سے روکا جائے اور اس ترمیم کے تحت کیے گئے تمام اقدامات کو غیر آئینی قرار دیا جائے۔
درخواست میں پی ٹی آئی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پارلیمنٹ آئین کے بنیادی ڈھانچے میں تبدیلی کا اختیار نہیں رکھتی، کیونکہ عدلیہ کی آزادی آئین کا لازمی جزو ہے اور اس پر کوئی ترمیم آئین کے اصولوں کے خلاف ہوگی۔
پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ آئینی ترمیم اختیارات کی تقسیم کے اصولوں کے برعکس ہے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے اقدامات غیر آئینی ہیں۔
یہ درخواست سپریم جوڈیشل کونسل میں جسٹس شمس محمود مرزا کے خلاف دائر ریفرنس کے پس منظر میں دائر کی گئی ہے۔