اگر حکومت کمیشن بنانے کا ارادہ نہیں رکھتی، تو پی ٹی آئی محض رسمی ملاقاتیں یا فوٹو سیشن کے لیے نہیں بیٹھے گی: بیرسٹر گوہر

 اگر حکومت کمیشن بنانے کا ارادہ نہیں رکھتی، تو پی ٹی آئی محض رسمی ملاقاتیں یا فوٹو سیشن کے لیے نہیں بیٹھے گی: بیرسٹر گوہر

راولپنڈی :پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ اگر حکومت 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر کمیشن بنانے کا ارادہ نہیں رکھتی، تو پی ٹی آئی حکومت کے ساتھ محض رسمی ملاقاتیں یا فوٹو سیشن کے لیے نہیں بیٹھے گی۔ اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے مذاکرات نیک نیتی سے شروع کیے تھے، لیکن حکومت کی جانب سے اس معاملے پر کسی عملی اقدام نہ اٹھانے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی نیت کمیشن بنانے کی نہیں ہے۔

بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے دو مطالبات پر مذاکرات کا آغاز کیا گیا تھا، مگر حکومت نے ان مطالبات پر کوئی پیشرفت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ 28 جنوری تک کسی قسم کے اعلان کا امکان نہیں، کیونکہ حکومت کی طرف سے اس معاملے میں کوئی واضح اقدام نہیں کیا گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ کمیشن کے قیام کے لیے ضروری تھا کہ اس میں شامل ججز، ٹرمز آف ریفرنس (ٹی او آرز) اور اس عمل کی مدت کا تعین کیا جاتا، مگر حکومت نے اس حوالے سے کوئی قدم نہیں اٹھایا، جو ان کی کمیشن بنانے کی نیت نہ ہونے کو ظاہر کرتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی ایک سیاسی جماعت ہے اور وہ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے، اور عمران خان نے اس بات چیت کا آغاز خود کیا تھا۔

مصنف کے بارے میں