ماڈل ٹاؤن میں ڈکیتی: گھریلو ملازمین نے 2 کروڑ سے زائد کا سامان لوٹ لیا

ماڈل ٹاؤن میں ڈکیتی: گھریلو ملازمین نے 2 کروڑ سے زائد کا سامان لوٹ لیا

لاہور: ماڈل ٹاؤن کے علاقے میں ڈکیتی کی بڑی واردات سامنے آئی ہے، جہاں گھریلو ملازمین نے مسلح ساتھیوں کے ساتھ مل کر تاجر شاہ زیب اکرم کے گھر کا صفایا کر دیا۔


ایف آئی آر کے مطابق، متاثرہ تاجر نے واردات سے ایک روز قبل دو خواتین کو گھریلو ملازم رکھا تھا۔ اگلے ہی دن، ان خواتین نے دو مسلح ساتھیوں کے ہمراہ اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا لیا اور گھر میں موجود 2 کروڑ سے زائد مالیت کے طلائی زیورات اور تین لاکھ روپے نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔


ماڈل ٹاؤن پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد ہی انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔

یہ واردات شہریوں میں خوف و ہراس کا باعث بنی ہے، اور پولیس نے شہریوں کو ملازمین کی مکمل تصدیق کے بعد ہی انہیں ملازمت دینے کی تاکید کی ہے۔