اسلام آباد: ملک کے شمالی علاقات جات میں سردیوں کی پہلی ہلکی سے درمیانے درجےبارش کی اطلاعات سامنے آئیں ہیں جبکہ وزیرستان اور ملحقہ علاقوں میں ہلکی برفباری کی بھی اطلاع دی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق چند روز قبل پیش گوئی کی گئی تھی کمزور مغربی ڈسٹربنس کے زیر اثر بادل پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہو گئے ہیں۔ جس کے باعث شمالی علاقوں کے مختلف علاقوں سے ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کی اطلاعات ہیں۔
خیال رہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد رہے گا۔ کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اوربلوچستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنےکا امکان ہے جبکہ رات میں بالائی خیبر پختو نخوا اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت لہ میں منفی 12، اسکردو منفی 10، کالام، گلگت، اسکردو، استور میں منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
رپورٹ کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران جنوبی پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم بدستور خشک اور سر در ہے گا، بلوچستان کے شمالی علاقوں میں شدید سر داور مطلع ابر آلودر ہے گا۔