نواز اور زرداری کے کیسز بھی روز رکھیں تاکہ کام جلدی مکمل ہو ، عمران کا احتساب عدالت کے جج سے مکالمہ

04:25 PM, 25 Jan, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت کے دوران جج محمد بشیر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری کے کیسز بھی روز رکھیں تاکہ جلدی کام مکمل ہو۔

190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت میں بانی پی ٹی آئی نے جج محمد بشیر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا  میں روز سنتا ہوں کہ ایک کے بعد ایک کیس بنایا جا رہا ہے، نواز شریف اور آصف زرداری کے کیسز بھی روز رکھیں تاکہ کام جلدی مکمل ہو ۔ 8 سال پرانا کیس 13 فروری کو رکھا گیا، 4 سال پرانا کیس روز رکھا جاتا ہے۔

پراسیکیوٹر نے کہا کہ ابھی ہمارے گواہان پیش ہونے ہیں، ان پر جرح ہونی ہے، میری استدعا ہے کہ کیس کی سماعت کل تک رکھیں جبکہ وکلاء صفائی کی جانب سے سماعت 30 جنوری تک ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی۔

 
بانی پی ٹی آئی نے جج سے استدعا کی کہ مجھے میرے وکلاء سے مشاورت کی اجازت دی جائے، بشریٰ بی بی کے آنے اور جانے سے متعلق کچھ معلوم نہیں ہے، جیل کے اندر سخت سیکیورٹی ہے، ایک کاغذ تک نہیں لانے دیا جاتا۔

جس پر پراسیکیوٹر امجد پرویز نے کہا کہ نہیں سر، باہر زیادہ سخت سیکیورٹی ہوتی ہے۔

بعد ازاں عدالت نے  ملزمان کو چالان کی نقول فراہم کرتے ہوئے کیس کی آئندہ سماعت 30 جنوری تک ملتوی کر دی اور 6 فروری کی تاریخ فرد جرم کے لیے مقرر کی گئی ہے۔

مزیدخبریں