خان یونس میں اسرائیلی فوج کا ناصر میڈیکل کمپلیکس کا محاصرہ، 24 گھنٹوں میں 250 فلسطینی شہید

خان یونس میں اسرائیلی فوج کا ناصر میڈیکل کمپلیکس کا محاصرہ، 24 گھنٹوں میں 250 فلسطینی شہید

غزہ: اسرائیلی مقبوضہ افواج کی خان یونس میں جارحیت جاری ہے ناصر میڈیکل کمپلیکس کا مختلف سمتوں سے محاصرہ اور اسپتال کے قریب شدید بمباری جاری ہے۔

اس حوالے سے اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری کے سبب کوئی اسپتال سے باہر یا اندر نہیں جاسکتا جبکہ اسپتال میں ڈائلیسز پر موجود 400 مریض فوری امداد کے منتظر ہیں۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ شدید لڑائی نے خان یونس کے دو اسپتالوں،  ناصر اور الامال کو ”گھیرے میں لے لی“  اور  ہزاروں”خوف زدہ عملہ، مریض اور بے گھر افراد اندر پھنس گئے“۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ ان کے امدادی ایجنسی کا مرکز بھی اسرائیلی بمباری کی زد میں آ کر تباہ ہو ا  جس کے نتیجے میں 12 فلسطینی شہید، 75 زخمی ہوگئے ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق جنگی صورتحال کے دوران شمالی غزہ میں بدترین غیرانسانی صورتحال پر بھوک سے 5 لاکھ فلسطینیوں کی جان کو خطرات لاحق ہوگئے۔

خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی افواج نے جبالیا کیمپ میں رہائشی عمارت کو تباہ کر دیا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 250 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب برطانوی رکن پارلیمنٹ نے پارلیمانی اجلاس کے دوران غزہ میں امن کا سفید پرچم تھامے فلسطینی کی شہادت کو جنگی جرم قراردیتے ہوئے جنگ بندی کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

اسرائیلی افواج کا جنین میں بلڈوزر کے ذریعے فلسطینی املاک منہدم کرنے کا سلسلہ بھی ابھی  تک جاری ہے۔

خیال رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 25,700 افراد  شہید اور 63,740 زخمی ہو چکے ہیں۔

مصنف کے بارے میں