الیکشن کمیشن کی فہمیدہ مرزا کو جی ڈی اے کا انتخابی نشان اسٹار دینے سے معذرت

01:19 PM, 25 Jan, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کو گرانڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کا انتخابی نشان اسٹار دینے سے معذرت کر لی۔

 الیکشن کمیشن نے این اے 233 بدین سے فہمیدہ مرزا کو جی ڈی اے کا انتخابی نشان الاٹ کرنے کی درخواست پر فیصلہ جاری کردیا۔جاری تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے ایک وقت میں ایک انتخابی نشان ایک سیاسی جماعت کے دو امیداروں کو الاٹ نہیں ہو سکتا۔ 

 فیصلے میں کہا گیا ہے این اے 223 بدین سے جی ڈی اے کے محمد حسام مرزا کو جی ڈی اے کا انتخابی نشان اسٹار الاٹ ہو چکا تھا، فارم 33 کے مطابق محمد حسام مرزا کو جی ڈی اے کا پارٹی ٹکٹ اور انتخابی نشان اسٹار الاٹ ہو چکا ہے۔

حسام  مرزا ابھی تک میدان میں ہیں اور انھوں نے کاغزات نامزدگی آج تک  واپس نہیں لیے اور ایک وقت میں ایک انتخابی نشان ایک سیاسی جماعت کے دو امیداروں کو الاٹ نہیں ہو سکتا۔

پارٹی سرٹیفیکیٹ دینے اور انتخابی نشان الاٹمنٹ کے مراحل مکمل ہو چکے ہیں، جی ڈی اے کے امیدوار کو پہلے ہی انتخابی نشان الاٹ ہو چکا ہے، اس مرحلے پر اس پر نظر ثانی نہیں ہو سکتی۔

حکمنامے میں کہا گیا کہ آر او نے پہلے ہی جی ڈی اے کا انتخابی نشان حسام مرزا کو الاٹ کر رکھا ہے۔ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کو آزاد امیدواروں کے انتخابی نشان میں سے کوئی نشان الاٹ کیا جائے۔

الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ ریٹرننگ افسر فارم 33 کو دوبارہ ریوائز کرے، آر او فارم 33 میں ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا نام بطور آزاد امیدوار شامل کرے۔

مزیدخبریں