اسلام آباد: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کا عندیہ دیا ہے ۔
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان ایک روزہ دورے پر رحیم یار خان پہنچے جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا چاندنہ ائیرپورٹ پر استقبال کیا ۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا ۔
وزیراعظم اور اماراتی صدر کی ملاقات برادرانہ ماحول میں ہوئی ، شیخ محمد بن زاید نے وزیراعظم شہباز شریف سے بڑی والہانہ محبت کا اظہار کیا اور وزیراعظم کا ہاتھ تھامے اپنے جہاز میں لے گئے ۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ صدر یو اے ای نے وزیراعظم کو پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرنے کا بھی عندیہ دیا ، ان کا کہنا تھا کہ آپ تیاری کریں ، یو اے ای پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرے گا ۔
یو اے ای کے صدر نے وزیراعظم کی اپنے اہل خانہ اور بچوں سے بھی ملاقات کرائی ، وزیراعظم نے یو اے ای کے صدر کے بچوں سے عربی اور انگریزی میں گفتگو کی ۔