لندن: برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے روسی صدر ولادی میر پوٹن کو دھمکی دی ہے کہ اگر یوکرین پر حملہ کیا گیا تو روسی فوجی اپنے گھروں کو واپس نہیں جاسکیں گے۔
ہاؤس آف کامنز میں برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے خطاب کرتے ہوئے کہ برطانیہ روس پر اپنی پابندیوں کو مزید سخت کرنے میں ذرا بھی نہیں ہچکچائے گا۔ روس یوکرین تنازع اگر خطرناک رُخ اختیار کرلیتا ہے تو اس کے نتائج بھیانک ثابت ہونگے۔ یوکرین پر اگر حملہ ہوا تو روس کے کتنے ہی بیٹے اپنی ماؤں کے پاس واپس نہیں لوٹ سکیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نے امید کی تھی کہ روس اپنی فوجی طاقت کو بڑھانے میں کمی لائے گا۔ روس نے 1 لاکھ سپاہیوں کی صف بندی کی ہے جو یوکرین کیخلاف روس کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ اگر روسی طاقت یوکرین کے شہروں اور قصبوں کو مٹا دیتی ہے تو اس کے بعد کی تباہی کا سوچ کر دل کانپ جاتا ہے۔
خیال رہے کہ نیٹو اتحاد روس کی سرحد کے قریب فوجی تنصیبات میں مصروف ہے اور روس متعدد بار مغرب سے اس کارروائی کو بند کرنے کا مطالبہ کرچکا ہے۔ روس نے یوکرین پر حملے کے تردید کی ہے اور فوج کو تعینات کرنے کے حوالے سے کہا ہے کہ روس اپنی سالمیت کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔