اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہےکہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے ہر سیاستدان کو چور کہنے اور کرپشن کرپشن کے نعرے لگانے والوں کو ان کی ’مصنوعی ایمانداری‘ کا آئینہ دکھادیا ہے۔
پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس کے بعد مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو میں تحریک انصاف کو تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئےکہا کہ یہ پورا ٹبر، یہ پوری جماعت کرپٹ ہے اور اس کی تخلیق کرپشن سے ہوئی ہے جبکہ ٹرانسپیرنسی انٹر نیشنل نے ان کی مصنوعی ایمانداری کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ تاریخ کی سب سے بڑی ناکام، نااہل اور کرپٹ یہ حکومت ثابت ہو چکی ہے اور اقتدار کے مزے لوٹنے کے بعد یہ دوبارہ دھاندلی کے منصوبے بنا رہے ہیں جس طرح یہ خود کھلونا ہیں ملک کی معیشت کو بھی کھلونا بنالیا ہے،تمام ذیلی جماعتوں کو ہدایات دی جا رہی ہیں کہ وہ بھرپور تیاریاں جاری رکھیں، کسی قیمت پر اپنی آزادی کا سودا کرنے کی اجازت نہیں دے سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ای وی ایم غیرآئینی ہے، پی ڈی ایم پہلے بھی مسترد کرچکی ہے، یہ آرٹی ایس کا دوسرا نام ہے، ایسے انتخابات تسلیم نہیں کریں گے۔ صدارتی طرز حکومت پاکستان میں ایک سیاہ تاریخ رکھتا ہے،صدارتی طرز حکومت کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ فیصلہ کیا گیا ہےکہ 23 مارچ کو مہنگائی مارچ ہو گا جبکہ عوام ملک کے کونے کونے سے اسلام آباد کا رخ کریں گے، مہنگائی مارچ اس حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گی اور عوام پر مہنگائی کا بوجھ کئی گنا بڑھ گیا ہے۔