راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے برطانوی فٹبالر مائیکل اوون نے ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے لیجنڈری فٹ بالر مائیکل اوون نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔
آرمی چیف نے پاکستان کا دورہ کرنے اور کھیلوں بالخصوص فٹ بال کو فروغ دینے پر مائیکل اوون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کھیل اور امن کو ہمیشہ سے فروغ دینے کا خواہش مند ہے، پاکستان میں فٹ بال کے بنیادی ڈھانچے اور نوجوان ٹیلنٹ کو فروغ دینے کے لئے یہ کوشش خوش آئند ثابت ہوگی۔
قبل ازیں معروف برطانوی فٹبالر اور گلوبل ساکر وینچرز(جی ایس وی) کے سفیر مائیکل اوون منگل کو پاکستان پہنچے، وہ آج اسلام آباد میں قیام کے بعد بدھ کو کراچی میں قائم این ای ڈی یونیورسٹی میں پاکستان کی پہلی ساکر سٹی کاسٹنگ بنیاد رکھیں گے۔
واضح رہے کہ این ای ڈی یونیورسٹی میں جدید ترین ساکر سٹی میں عالمی معیار کی اسپورٹس سائنس کو ترقی دینے کے ساتھ فٹبال فرنچائز بھی تیار کی جائے گی، جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پاکستان کے پہلے سوکر سٹی اسٹیڈیم کےتعمیری منصوبے پر ایک کروڑ بیس لاکھ ڈالرز کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔
اس اسٹیڈیم کا ڈیزائن ایک جرمن فرم نے تیار کیا جسے فیفا کے بین الاقوامی معیار کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اسٹیڈیم میں6 ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہوگی، تعمیر مکمل ہونے کے بعد یہاں پر انٹرنیشنل مقابلوں کا انعقاد ہوگا۔۔ مزید برآں این ای ڈی یونیورسٹی کے دس ہزار اور جامعہ کراچی کے تیس ہزار طلبہ و طالبات کو اسٹیڈیم کا خصوصی تماشائی تصور کیا جائے گا۔