اسلام آباد: وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ کورونا کی صورتحال میں وزیراعظم عمران خان اورحکومت کی پالیسی کامیاب رہی ۔ برطانوی وزیر اعظم بھی وزیراعظم عمران خان کی سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی اپنا رہے ہیں۔
کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں فواد چودھری نے کہا کہ اومی کرون کی لہر کے باوجود ملک میں کاروبار بند نہیں کیے جائیں گے۔ کورونا کی اس وبا کو بھی شکست دیں گے۔ ویکسین شدہ افراد میں کورونا کی علامات بہت کم ظاہر ہوئیں۔
مردم شماری کے حوالےسے انہوں نے کہا کہ دسمبر میں مردم شماری مکمل ہوگی جس کے لیے کابینہ نے 5 ارب روپے کی منظوری دے دی ہے ۔ آئندہ سال جنوری میں حلقہ بندیاں مکمل ہوں گی۔ حلقہ بندیاں الیکشن کمیشن کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ نے فوجداری قوانین میں ترمیم کی منظوری دے دی ہے۔ کسی بھی مقدمے کا 9 ماہ کے اندر فیصلہ کرنا ہوگا۔ 9 ماہ کے اندر فیصلہ نہ ہونے پر جج چیف جسٹس کو وضاحت دے گا۔ پولیس کو ضمانت کے اختیارات دیے جا رہے ہیں۔